پاک فوج کی جانب سےملک کے خلاف کام کرنے والوں کی تصاویر جاری

 

اسلام آباد :ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور باجوہ نے سوشل میڈ یا پر پاک فوج اور ملک کے خلاف کام کرنے والوں کی تصاویر جاری کردیں جن میں سینئرصحافی عمرچیمہ اور مطیع اللہ جان کی تصاویر بھی شامل ہیں ۔

پریس کانفرنس کے دوران سلائیڈ شودکھاتے ہوئے میجر جنرل آصف غفور باجوہ نے کہا کہ ہمارے پاس سوشل میڈ یا پر لوگوں کی سرگرمیاں دیکھنے کی قابلیت ہے ۔ان کا کہنا تھا کہ اگر ہم سوشل میڈ یا کو عقلمندی سے استعمال نہیں کریں گے تو یہ ہمارے درمیان اختلافات پیدا کرے گا ۔انہوں نے کہاکہ جتنے بھی سوشل میڈ یا سیل ہیں یہ آپس میں کھیلتے رہتے ہیں ۔بہت سارے پاکستانیوں نے ان کے اکاونٹ دیکھے بھی نہیں ہونگے ۔

انہوں نے ایک سلائیڈ دکھاتے ہوئے کہا کہ یہ ایک بلینک اکاؤنٹ ہے اورہمیں پتہ ہے یہ کس کا اکاؤنٹ ہے ،اس اکاؤنٹ سے ریاست اور فورسز کے خلاف ٹوئٹ ہوتے ہیں ،اس کو کون کون ری ٹوئٹ کررہاہے ،یہ سب دیکھا جا سکتا ہے،تو اس طرح پورا نیٹ ورک ہمیں سمجھ میں آتا ہے ۔ان کا کہنا تھا کہ جہاں تک ہماری ذات کی بات ہے توہم برداشت کرجاتے ہیں لیکن جہاں ریاست کی بات ہوتی ہے توہم متعلقہ اتھارٹیز کے ساتھ شیئر بھی کرتے ہیں اور اس پر کام بھی ہوتا ہے ۔لیکن پھر جہاں یہ بلینک ہینڈلر چھوڑا ہوا ہے ان کے خلاف کیا کریں ؟یہ اپنے اصل ٹوئٹر ہینڈلر سے ملک کے خلاف کی گئی ٹوئٹ کو ری ٹوئٹ کرتے ہیں یا ان کو شاباش دیتے ہیں ۔اگر سوشل میڈ یاکے استعمال میں ہم ذمہ داری کا مظاہرہ نہیںکریں گے تو ملک دشمن عناصر فائدہ اٹھائیں گے ۔