یورا گوئے سے شکست پر مصری اداکار جان کی بازی ہار گیا

ماسکو: ورلڈکپ فٹبال میچ میں یورا گوئے کے ہاتھوں شکست پر مصری اداکاردلبرداشتہ ہوکر جان کی بازی ہارگیا۔

روسی میڈیا کے مطابق روس میں جاری فٹبال ورلڈ کپ کے ایک میچ میں یورا گوئے کے ہاتھوں اپنے ملک کی شکست سے دلبرداشتہ ہونے والا مصری اداکارماہراعصام اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھا ۔

38 سالہ اداکارماہرعصام کے ساتھی فنکارشریف ادریس نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ فیس بک پراسکی کی موت کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ ماہراعصام میچ میں یوراگوئے کے ہاتھوں مصرکی شکست پر شدید صدمے سے دوچار ہوا تھا اوروہ اس صدمے کو برداشت نہ کرسکا جس سے اس کے دماغ کی شریان پھٹ گئی اور وہ کومے میں چلا گیا۔

اسے فوری طورپراسپتال پہنچایا گیا اور طبیعت زیادہ بگڑنے پردوسرے اسپتال منتقل کیا گیا تاہم 2 دن تک ڈاکٹروں کی کوششوں کے باوجود وہ جانبرنہ ہوسکا اورچل بسا۔

شریف ادریس کا کہنا ہے کہ عصام کو 2014 میں بھی ایسی ہی ایک صورتحال کا سامنا کرنا پڑا تھا اوروہ کئی روز تک کومے میں رہا تھا۔