پاکستان ہاکی ٹیم نےآسٹریاکیخلاف3میچوں کی سیریز 0-2 سے جیت لی

لاہور: ایف آئی ایچ چیمپئنزٹرافی کی تیاریوں میں مصروف پاکستان ہاکی ٹیم نے آسٹریا کے خلاف3 میچوں کی سیریز 0-2 سے جیت لی ہے۔

چیمپئنزٹرافی کی تیاریوں کے لیے پاکستان ہاکی ٹیم ان دنوں ہالینڈ کے شہر بریڈا میں موجود ہے اورہالینڈ اوروہاں کے مقامی کلب اورآسٹریا کے خلاف 5 میچوں کی سیریز بھی مکمل کرچکی ہے۔ ان میچوں کے دوران رضوان سینئر نے ٹیم کی قیادت کی۔

گزشتہ روزپاکستان نے آسٹریا کو سیریز کے تیسرے اورآخری میچ میں بھی صفر کے مقابلے میں 3 گول سے زیر کرکے سیریز دو صفر سے اپنے نام کرلی۔

سیریز کے دوران ارسلان قادر بھرپور فارم میں دکھائی دیے، انھوں نے آخری میچ میں 2 گول کرنے کے علاوہ مجموعی طور پر5 گول کر کے سیریز کے بہترین کھلاڑی کا اعزاز بھی حاصل کیا۔

بریڈا میں ہونے والے اس میچ میں پاکستانی ٹیم نے آغاز میں ہی جارحانہ انداز اپنایا اور نویں منٹ میں ارسلان قادر کے ذریعے ابتدائی گول کرنے میں کامیاب ہوگئی۔

دوسرے کوارٹر میں پاکستانی ٹیم نے ایک بار پھر عمدہ موو بنائی اور گیند کو حریف سائیڈ کے ڈی ایریا میں لے جانے میں کامیاب ہوگئی، اس بار مبشر علی نے بڑی خوبصورتی کے ساتھ گول کرکے پاکستانی ٹیم کی برتری دگنی کردی۔ تیسرے کوارٹر میں کوئی بھی ٹیم مزید گول کرنے میں کامیاب نہ ہوسکی۔

چوتھے کوارٹر میں پاکستانی ٹیم نے گول کی ہیٹ ٹرک مکمل کرنے کے لیے بھرپور کوشش کی، کھیل ختم ہونے سے صرف پانچ منٹ قبل ارسلان قادر نے انفرادی طور پر دوسرا اور مجموعی طور پر تیسرا گول کر کے فتح پاکستانی ٹیم کی جھولی میں ڈال دی۔

میچ کے دوران آسٹریا کی ٹیم کو بھی گول کرنے کے متعدد مواقع میسر آئے لیکن ان کے فاروڈز پاکستانی ٹیم کے دفاعی حصار میں شگاف ڈالنے میں کامیاب نہ ہوسکے۔