تحریک انصاف، متحدہ مجلس عمل اور عوامی نیشنل پارٹی آج سے انتخابی مہم کا آغاز کریں گی

عام انتخابات 2018 کے سلسلے میں پاکستان تحریک انصاف، متحدہ مجلس عمل اور اے این پی کی جانب سے انتخابی مہم کاآغاز کردیا گیا ہے اس سلسلے میں ملک کے مختلف شہروں میں جلسوں کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف آج میانوالی میں جلسے سے انتخابی مہم کا آغازکرے گی ، تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان جلسے سے خطاب کریں گے ،جس کیلئے انتظامات کو حتمی شکل دی جا رہی ہے ۔
پاکستان تحریک انصاف آج میانوالی کے ہاکی گراؤنڈ میں جلسے سے باضابطہ انتخابی مہم کا آغاز کرے گی،جلسہ گاہ میں ہزاروں کرسیاں لگا دی گئیں جبکہ کارکنوں کا لہو گرمانے کیلئے ڈی جے سسٹم بھی لگا دیا گیا جس پر پارٹی ترانے چلائے جا رہے ہیں،جلسہ گاہ میں قائدین کے بڑے بڑے پینا فلیکس آویزاں کر دیئے گئے اس موقع پر سکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔
دوسری جانب متحدہ مجلس عمل آج پشاور میں جلسہ عام کرے گی ،ایم ایم اے کے زیر اہتمام جلسہ سرحدیونیورسٹی رنگ روڈ پشاورپرہوگاجس سے متحدہ مجلس عمل کی مرکزی قیادت خطاب کرے گی ۔
اس کے علاوہ اے این پی آج بڈھ بیر میں سیاسی طاقت کا مظاہرہ کرے گی۔