اسٹار فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو نے 9 سال بعد ریال میڈرڈ کو چھوڑ دیا

دنیا کے عظیم فٹبالر اور پرتگال کے اسٹار کرسٹیانو رونالڈو نے 9 سال بعد اسپین کے کلب ریال میڈرڈ کو چھوڑ کر اطالوی کلب یوونٹس میں ٹرانسفر کروا لیا۔
رپورٹس کے مطابق رونالڈو کا یوونٹس سے 4سال کے لیے 100ملین میں معاہدہ ہوا ہے اور ممکنہ طور پر وہ اپنے شاندار فٹبال کیریئر کا اسی کلب کے ساتھ اختتام کریں گے۔
رونالڈو اطالوی فٹ بال کلب یووینٹس کی تاریخ میں سب سے مہنگے کھلاڑی ہیں۔ اس سے پہلے یہ اعزاز ارجنٹائن کے فارورڈ گونزالو ہیگوئن کے پاس تھا جسے خریدنے کیلئے اطالوی کلب نے75.3 ملین پاؤنڈ ادا کیے تھے۔
پرتگال کے کپتان رونالڈونے اپنے بیان میں کہا کہ میں نے میڈرڈ کے ساتھ شاندار 9سال گزارے لیکن میں سمجھتا ہوں کہ میری زندگی میں نئے دور کے آغاز کا وقت آچکا ہے اور اسی لیے میں نے کلب سے درخواست کی کہ میری ٹرانسفر کی درخواست قبول کی جائے۔
ہسپانوی کلب نے 5مرتبہ بیلن ڈی اور جیتنے والے عظیم فٹبالر کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ آج ریال میڈرڈ اس کھلاڑی کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہے جس نے ثابت کیا کہ وہ دنیا کے بہترین فٹبالر ہیں اور کلب کے ساتھ ساتھ فٹبال کی تاریخ میں ریال میڈرڈ کے ساتھ ایک ریکارڈ ساز اور تاریخی دور گزارا۔
واضح رہے کہ کرسٹیانو رونالڈو 2009 میں انگلش کلب مانچسٹر یونائیٹڈ کو چھوڑ کر ریال میڈرڈ کا حصہ بنے تھے اور اس وقت دنیا کے سب سے مہنگے کھلاڑی قرار پائے تھے۔ رونالڈو نے اسپین میں 9سال قیام کے دوران ریال میڈرڈ کے لیے 15ٹرافیاں جیتیں جس میں 4مرتبہ چیمپیئنز لیگ جیتنا بھی شامل ہے۔