د ہشتگردوں کی بزدلانہ کارروائیوں سےہمارے حوصلے پست نہیں ہونگے۔بیٹاہارون بلور

پشاور میں عوامی نیشنل پارٹی( اے این پی) کے جلسے میں ہونے والے خود کش بم دھماکے میں شہید ہونے والے بیرسٹر ہارون بلور کے صاحبزادے دانیال بلور نے کہا ہے کہ میرے والد بہادر انسان تھے، میں اپنے والد اور دادا کے عزم اور مشن کو آگے بڑھاؤں گا،د ہشت گردوں کے پاس خود کش جیکٹس ختم ہوجائیں گی مگر ہمارے حوصلے ختم نہیں ہونگے۔
تفصیلات کے مطابق دانیال بلور کا کہنا تھا کہ تین سال سے والد کے ساتھ ہر قدم پر رہتا تھا، افسوس کل خود کش حملے کے وقت والد کے ساتھ موجود نہیں تھا لیکن اس میں بھی اللہ کا کوئی راز ہو ، والد صاحب نے دھماکے سے بیس منٹ پہلے دوست کو پیغام بھیجا کہ بیٹا تم نہ آؤ،راستے میں تھا کہ دھماکے کی اطلاع ملی۔
انہوں نے کہا کہ ہارون بلور صرف میرے والد ہی نہیں تھے بلکہ وہ پشاور کے بہادر بیٹے تھے ،پشاور کے عوام بھی ان سے بے پناہ پیار کرتے ہیں، فخرسے کہتا ہوں کہ یہاں موجود سب ہارون بلور ہیں، کل اگر یہ مجھ پر بھی حملہ کرتے ہیں تو ہر کارکن ہارون بلور بن کر نکلے گا، کل اگر مجھے بھی ختم کردیں تو حوصلہ نہیں ہارنا۔
دانیال بلور کا کہنا تھا کہ د ہشت گردوں کے پاس خود کش جیکٹس ختم ہوجائیں گی، مگر ہمارے حوصلے ختم نہیں ہونگے۔