لاہور اور گرد و نواح میں مون سون بارشیں، نشیبی علاقے زیرآب

لاہور میں موسلا دھار بارش کا سلسلہ جاری ہے جس کے باعث نشیبی علاقے زیرآب آگئے ہیں، لوگوں نے اپنی مدد آپ کے تحت نکاسی آب کا کام شروع کردیا ہے۔
لاہور سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں بارش کا سلسلہ جاری ہے ۔ لاہور میں صبح کے وقت رم جھم پڑنے والی پھوار نے نماز جمعہ سے پہلے موسلادھار بارش کی شکل اختیار کرلی جس کے نتیجے میں جل اور تھل ایک ہوگیا۔ ایبٹ روڈ، گڑھی شاہو، دھرمپورہ، مغل پورہ، ماڈل ٹاؤن میں موسلادھا بارش کے بعد گلیاں ندی نالوں میں تبدیل ہو گئیں، اہم شاہراہوں پر پانی جمع ہونے سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔
بارش کے باعث نشیبی علاقے زیرآب آگئے ہیں، لوگوں نے اپنی مدد آپ کے تحت نکاسی آب کا کام شروع کردیا ہے۔
دوسری جانب شہر میں لیسکو کے 139 فیڈرز ٹرپ کر گئے ہیں جس کی وجہ سے نصف سے زائد شہر بجلی سے محروم ہوگیا ہے۔ لیسکو حکام کا کہنا ہے کہ بجلی کی بحالی کےلیے کوششیں جاری ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ دنوں لاہور میں طوفانی بارش ہوئی تھی جس میں درجنوں افراد جاں بحق ہوگئے تھے۔