پنجاب میں حکومت کیلئے ن لیگ اور پی ٹی آئی کے آزاد امیدواروں سے رابطے

لاہور:ملک میں عام انتخابات کے بعد حکومت سازی کے لیے جوڑ توڑ کا سلسلہ شروع ہوگیاہے، اسی سلسلے میں پنجاب میں حکومت بنانے کے لیے(ن) لیگ اور تحریک انصاف نے آزاد امیدواروں سے رابطے کئے ہیں۔
پنجاب اسمبلی میں مجموعی نشستوں کی تعداد 371 ہے جس میں 66 نشستیں خواتین اور 8 اقلیتوں کے لیے مخصوص ہیں اور کسی بھی جماعت کو حکومت بنانے کے لیے 149 نشستیں درکار ہیں۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے اب تک جاری کردہ نتائج کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے پاس 127 اور تحریک انصاف کے پاس 122 نشستیں ہیں جب کہ 29 نشستوں کے ساتھ آزاد امیدوار تیسرے نمبر پر ہیں۔
دیگر جماعتوں میں پیپلز پارٹی کے پاس 7، مسلم لیگ 6، بلوچستان عوامی پارٹی ، مسلم لیگ فنکشنل اور پاکستان عوامی راج کو ایک ایک نشست حاصل ہے۔
کسی بھی جماعت کی حکومت بنانے کے لیے آزاد امیدوار اہم کردار ادا کریں گے اور حکومت بنانے کے لیے تحریک انصاف اور مسلم لیگ ن میں کانٹے کا مقابلہ ہوگا۔
مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے حمزہ شہباز کی سربراہی میں آزاد امیدواروں سے رابطے کے لیے کمیٹی تشکیل دے دی جب کہ حمزہ شہباز نے کامیاب آزاد امیدواروں سے رابطے شروع کردیے ہیں۔
دوسری جانب تحریک انصاف نے آزاد ارکان سے رابطے شروع کردیے اور اب تک 14 کو پارٹی میں شامل ہونےکی دعوت دی گئی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ جہانگیر خان ترین اور چوہدری سرور مزید آزاد ارکان سے رابطوں میں مصروف ہیں۔
تحریک انصاف کی اتحادی مسلم لیگ ق کے پاس بھی پنجاب اسمبلی میں 7 نشستیں ہیں اور پنجاب اسمبلی میں پیپلز پارٹی بھی 6 نشستوں کے ساتھ جوڑ توڑ میں کردار ادا کرےگی۔