اسپیکر پنجاب اسمبلی کیلئے چوہدری پرویز الٰہی کا نام زیر گردش

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف نے پنجاب میں مضبوط اور تجربہ کار شخصیت کو اسپیکر بنانے کا فیصلہ کیا ہے جس کے لیے سابق وزیراعلیٰ پنجاب اور مسلم لیگ (ق) کے رہنما چوہدری پرویز الٰہی کا نام تجویز کیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق تحریک انصاف نے پنجاب میں سادہ اکثریت کا دعویٰ کرنے کے بعد اب صوبے میں حکومت سازی کے لیے کوششیں تیز کردی ہیں اور اس کے لیے اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر سمیت دیگر عہدوں کے لیے مشاورت کا عمل تیزہوگیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہےکہ پی ٹی آئی نے پنجاب میں مضبوط اسپیکر اسمبلی لانے کے لیے چوہدری پرویز الٰہی کا نام تجویز کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق تحریک انصاف کی سینئر قیادت نے چوہدری پرویز کو اسپیکر بنانے کی تجویز کی تائید کردی ہے اور اب لیگی رہنما کی رضا مند پر انہیں اس منصب پر لایا جاسکتا ہے۔