ڈنمارک میں نقاب پہننے پر پابندی کے بعد پہلی خاتون کو سزا

یورپی ملک ڈنمارک میں مسلم خاتون کے چہرے پر نقاب پہننے پر پہلا جرمانہ کر دیا گیا، 28سالہ خاتون کو نقاب کر کے شاپنگ مال جانے پرایک ہزار کرونر کا جرمانہ کیا گیا ہے۔
فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق 28 سالہ مسلمان خاتون ہرشوم ایک مارکیٹ میں نقاب پہنے موجود تھیں، جہاں ایک دوسری خاتون نے ان سے نقاب اتارنے کا مطالبہ کیا اور دونوں کے درمیان اس پر سخت بحث ہوگئی۔
اس دوران پولیس بھی موقع پر پہنچ گئی، تاہم کھینچا تانی میں خاتون کا نقاب اتر گیا لیکن انہوں نے پولیس کو دیکھ کر دوبارہ اسے لگا لیا۔
پولیس آفیسر ڈیوڈ بورچرسن نے غیر ملکی میڈیا کو بتایا کہ انہوں نے اُسی وقت نقاب پوش خاتون کو حراست میں لے لیا اور شاپنگ سینٹر کی سیکیورٹی سے سی سی ٹی وی کیمرہ فوٹیج بھی طلب کی۔
دوسری جانب نقاب پوش خاتون پر نئے قانون کے تحت ایک ہزار کرونر (ڈنمارک کی کرنسی) کا جرمانہ عائد کیا گیا، جب کہ دوسری خاتون پر بھی اشتعال پھیلانے کے الزام میں جرمانہ عائد کیا گیا۔
واضح رہے کہ برطانیہ کے دیگر ممالک جیسے فرانس، آسٹریا، بلغاریہ اور جرمنی کی ریاست بویریا میں بھی نقاب پہننے کے خلاف قانون نافذ کیا گیا ہے۔