ہیلی کاپٹر کیس،عمران خان نیب کے سامنے پیش ہوگئے

پشاور: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان ہیلی کاپٹر کیس میں قومی احتساب بیورو (نیب) خیبرپختونخوا کے سامنے پیش ہوگئے۔جہاں وہ ایک گھنٹہ اور 10 منٹ تک موجود رہے۔
نیب کی ٹیم نے عمران خان سے 35 سے 40 منٹ تک کانفرنس روم میں سوالات کیے اور انہیں ایک سوالنامہ بھی دیا گیا، جس کا جواب 15 روز میں دینا لازمی ہے۔
تفصیلات کے مطابق عمران خان بنی گالا سے بذریعہ ہیلی کاپٹر پشاور ائرپورٹ پہنچے، جہاں سے وہ بغیر پروٹوکول نیب خیبرپختون خوا کے ہیڈ کوارٹر پہنچے۔
نیب ہیڈکوارٹر آمد کے موقع پر سابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک اور سابق اسپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی اسد قیصر بھی پی ٹی آئی چیئرمین کے ہمراہ تھے۔
عمران خان کی آمد کے پیش نظر نیب دفتر کے باہر خصوصی سیکورٹی انتظامات کیے گئے تھے اور بم ڈسپوزل اسکواڈ کا عملہ بھی تعینات تھا۔
واضح رہے کہ نیب خیبر پختونخوا نے 3 اگست کو عمران خان کو صوبائی حکومت کا سرکاری ہیلی کاپٹر استعمال کرنے کے الزام میں آج طلب کیا تھا۔
اس کیس کے سلسلے میں سابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک اور ایوی ایشن حکام سے بیانات پہلے ہی قلمبند کیے جاچکے ہیں۔
یاد رہے کہ چیئرمین نیب جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال نے 2 فروری کو عمران خان کی جانب سے سرکاری ہیلی کاپٹر استعمال کرنے کا نوٹس لیا تھا۔