قومی اسمبلی کا اجلاس ، نومنتخب اراکین نے حلف اٹھا لیا

پاکستان کی 15 ویں قومی اسمبلی کے نومنتخب اراکین نے حلف اٹھا لیا، اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے ان سے حلف لیا۔
تفصیلات کے مطابق اسپیکرایازصادق کی زیرصدارت ملک کی 15 ویں قومی اسمبلی کا پہلا اجلاس ہوا۔ قومی ترانے، تلاوت کلام پاک اورنعت کے بعد اجلاس کی باقاعدہ کارروائی کا آغاز ہوا۔
ملک کی 15 ویں قومی اسمبلی کے پہلے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے آغاز میں نومنتخب اراکین کو مبارکباد دی اور حلف کے طریقہ کار سے آگاہ کیا۔جس کے بعد اسپیکرایازصادق نے قومی اسمبلی کے 342 اراکین میں سے 331 ارکان سے حلف لیا۔
اولین اجلاس میں عمران خان قائدایوان کے لیے مخصوص نشست کے ساتھ والی نشست پر براجمان ہوئے جب کہ بلاول بھٹو زرداری نفیسہ شاہ کے ساتھ والی نشست پر بیٹھے، سابق صدر آصف زرداری سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف کے ساتھ بیٹھے جب کہ شہبازشریف، احسن اقبال اور رانا تنویر ساتھ ساتھ بیٹھے ۔
چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری پہلی بار قومی اسمبلی میں آئے اور انہوں نے عمران خان کی نشست پر جاکر ان سے ملاقات کی جب کہ دونوں رہنماؤں نے ایک ساتھ تصاویر بھی بنوائیں۔
پیپلزپارٹی کےچیئرمین بلاول بھٹو زرداری پہلی اور آصف زرداری نے پہلی بار قومی اسمبلی کی رکنیت کا حلف لیا جب کہ سابق وزرائے اعظم راجہ پرویزاشرف، محمدمیاں سومرو، سابق وزرائے اعلیٰ شہباز شریف، پرویز خٹک اور قومی اسمبلی کے دو سابق اسپیکر فہمیدہ مرزا اور فخرم امام بھی حلف اٹھانے والوں میں شامل ہیں۔
قوم پرست رہنما سردار اختر مینگل بھی طویل عرصے بعد قومی اسمبلی کی رکنیت کاحلف لیا جب کہ جمہوری وطن پارٹی کے شاہ زین بگٹی بھی آج قومی اسمبلی کا حصہ بن گئے ہیں۔
خیبرپختون خوا اسمبلی کے اسپیکر اسدقیصر بھی قومی اسمبلی کی رکنیت کاحلف لیا اور وہ قومی اسمبلی میں اسپیکر کے امیدوار نامزد ہیں۔
اراکین قومی اسمبلی نے اردو کی حروف تہجی کی ترتیب سے رجسٹر پر دستخط کئے، سب سے پہلے پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے رجسٹر پر دستخط کئے۔
ارکان کی جانب سے ضابطے کی کارروائی مکمل ہونے کے بعد اسپیکر نے اجلاس 15 اگست تک کے لیے ملتوی کردیا۔
حلف برداری سے قبل اسپیکر نے نئے اسپیکرو ڈپٹی اسپیکر کے انتخاب کا اعلان کیا، جس کے مطابق اسپیکر کا انتخاب 15 اگست کو ہوگا اور اسی روز نو منتخب اسپیکر قومی اسمبلی کے ایوان کی کارروائی سنبھال کر ڈپٹی اسپیکر کا الیکشن کروائیں گے، اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے لیے انتخاب خفیہ رائے شماری کے ذریعے ہوگا۔