نواز شریف سے نازیبا سلوک،(ن) لیگ کا حکومت سے نوٹس لینے کا مطالبہ

مسلم لیگ ن کے صدر میاںشہباز شریف نے نگراں وزیراعظم ناصر الملک کو خط لکھاہے جس میں شہباز شریف نے نگراں وزیر اعظم سے نواز شریف کے ساتھ روا رکھے گئے توہین آمیز رویے کا نوٹس لینے کا مطا لبہ کیا ہے ۔
مسلم لیگ ن کے صدر میاں شہباز شریف نے نگراں وزیراعظم کو خط لکھا ہے جس میں انہوں نے نواز شریف کی احتساب عدالت میں پیشی کے موقع پر عدالت میں پیش کرنے کے طریقہ کار پر تحفظات کا اظہار کیا ہے۔ شہباز شریف نے نگراں وزیراعظم جسٹس ناصرالملک کو خط میں لکھا ہے کہ نواز شریف کی نیب عدالت میں پیشی پر غیر مہذب اور تضحیک آمیز سلوک کیا گیا۔ حکام کی جانب سے نواز شریف کو بکتر بند گاڑی میں دہشتگردوں کی طرح لا کر ان کی تذلیل کی گئی ۔ ایسے نامناسب رویے کو فوری طور پر بند کیا جائے ۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ملک کے تین مرتبہ منتخب ہونے والے وزیراعظم کے بارے میں یہ رویہ ذاتیات پر مبنی اور نامناسب ذہینت کی عکاسی کرتا ہے، ان کے خلاف اس طرح کے نامناسب رویہ کو فوری طور پر روکا جائے۔
شہباز شریف نے نگراں وزیر اعظم سے نواز شریف کے ساتھ روا رکھے گئے توہین آمیز رویے کا نوٹس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف ایک سیاسی قیدی ہیں جن پر کرپشن کا کوئئ الزام نہیں، انہوں نے ملک میں سی پیک جیسے اہم منصوبے کو بھی متعارف کرایا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز نیب ریفرنس میں سزا یافتہ سابق وزیراعظم نواز شریف کو اڈیالہ جیل سے احتساب عدالت میں پیش کیا گیا، جب کہ انہیں بکتر بند گاڑی میں عدالت تک لایا گیا۔