بھارت کے یوم آزادی پر مقبوضہ وادی میں یوم سیاہ

کنٹرول لائن کے دونوں اطراف اور دنیابھر میں بسنے والے کشمیری بھارتی یوم آزادی کو یوم سیاہ کے طور پر منا رہے ہیں ،بھارت مخالف آواز دبانے کیلئےبھارتی فورسز کی اضافی نفری تعینات کردی گئی ،وادی میں انٹرنیٹ سروس بھی معطل ہے۔
حریت قیادت کی کال پر کشمیری آج بھارت کے یوم آزادی کو یوم سیاہ کے طور پر منا رہے ہیں جس کا مقصد بھارت کے قاصبانہ قبضے پر عالمی برادری کی توجہ دلانا ہے۔
سید علی گیلانی ،میرواعظ عمر فاروق اور یاسین ملک کی کال پر وادی میں شٹر ڈاؤن ہڑتال ہے ۔ تمام دکانیں ،کاروباری مراکز،اسکول بند اور سڑکیں سنسان ہیں ۔
قابض انتظامیہ نے مقبوضہ کشمیر کو فوجی چھاؤنی میں تبدیل کررکھا ہے ،بھارت مخالف احتجاج روکنے کیلئے جگہ جگہ بھارتی فورسز کے اہلکار جبکہ حساس مقامات پر شارپ شوٹر تک تعینات کئے گئے ہیں ۔وادی میں انٹر نیٹ سروس بھی معطل کردی گئی ہے۔
دوسری جانب گزشتہ روز پاکستان کے یوم آزادی کا جشن مقبوضہ کشمیر میں بھی منایا گیا،پابندیوں کے باوجود کشمیری طالب علموں نے سبز ہلالی پرچم لہراتے ہوئے آزادی اور پاکستان کے حق میں نعرے بازی کی۔