پنجاب اسمبلی کے نو منتخب ارکان اسمبلی نے حلف اٹھا لیا

لاہور: صوبہ پنجاب کی پندرہویں اسمبلی کے نو منتخب ارکان نے حلف اٹھا لیا۔ ایوان کے اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کا انتخاب 17 اگست کو ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق الیکشن 2018 کے بعد پنجاب اسمبلی کا پہلا اجلاس اسپیکر رانا محمد اقبال کی زیر صدارت ہوا۔
اسپیکر رانا محمد اقبال نے نومنتخب اراکین سے حلف لیا۔ اسمبلی کے 371 کے ایوان میں 12 نشستیں خالی ہیں۔
پنجاب اسمبلی میں تحریک انصاف کے 179 ممبران نے حلف اٹھایا۔ تحریک انصاف کے 139 جنرل، 33 خواتین اور 4 اقلیتی ارکان ہیں۔
مسلم لیگ ن کے 164 ارکان نے حلف اٹھایا، ن لیگ کے 128 جنرل، 30 خواتین اور 4 اقلیتی ارکان ہیں۔
مسلم لیگ ق کے 10، پیپلز پارٹی کے 7، راہ حق پارٹی کا ایک اور 4 آزاد ارکان بھی حلف اٹھانے والوں میں شامل ہیں۔
پنجاب اسمبلی میں 50 ایسے بھی ارکان شامل ہیں جو پانچویں، تیسری اور دوسری دفعہ اسمبلی میں واپس پہنچے ہیں۔
اس سے قبل پنجاب اسمبلی کے اجلاس میں مسلم لیگ ن کے اراکین نے احتجاجاً بازوؤں پر کالی پٹیاں باندھ کر شرکت کی۔