راشد منہاس شہید کا 47واں یوم شہادت آج منایا جا رہا ہے

کراچی : نشان حیدر پانے والے سب سے کم عمر شہید راشد منہاس کا 47واں یوم شہادت آج منایا جا رہا ہے۔
17فروری انیس سو اکیاون کو کراچی میں پیدا ہونے والے راشد منہاس نے نے سینٹ پیٹرک کالج سے سینئیر کمیبرج پاس کیا۔ راشد منہاس نے بی ایس سی پی اے ایف رسالپور اکیڈمی سے کیا اور بعدازاں انیس سو اڑسٹھ میں پاکستان ایئرفورس جوائن کرلی۔
بیس اگست انیس سو اکہتر کو راشد منہاس شہید کی تیسری تنہا پرواز تھی۔ وہ ٹرینر جیٹ طیارے میں سوار ہوئے ہی تھے کہ ان کا انسٹرکٹر سیفٹی فلائٹ آفیسر مطیع الرحمان خطرے کا سگنل دے کر کاک پٹ میں داخل ہوا اور طیارے کا رخ بھارت کی سرحد کی طرف موڑ دیا۔راشد منہاس نے ماڑی پور کنٹرول ٹاور سے رابطہ قائم کیا تو انہیں ہدایت دی گئی کہ طیارے کو ہر قیمت پر اغوا ہونے سے بچایا جائے۔
راشد منہاس نے خوب دیدہ دلیری سے دشمن کے مقصد کو ناکام کیا اور جہاز کا رخ زمین کی جانب کرکے تباہ کردیا۔ اوراپنی جان وطن عزیز کے لئے قربان کرکے شہادت کا رتبہ حاصل کرلیا۔
شہید راشد منہاس نشان حیدر حاصل کرنے والے پاک فضائیہ کے پہلے آفیسر تھے۔