عمران خان کی قیادت میں نئے پاکستان کا سفر شروع ہو چکا،وزیراعلیٰ پنجاب

لاہور: وزیراعلی پنجاب عثمان بزدارنے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں نئے پاکستان کی منزل کے حصول کا سفر شروع ہوچکا ہے جب کہ قوم کی عمران خان سے وابستہ توقعات کو پوری کرنے کیلئے دن رات ایک کردیں گے۔
وزیراعلیٰ پنجاب سردارعثمان بزدارسے ڈیرہ غازی خان کے عمائدین کے وفد نے ملاقات کی، وفد نے سردارعثمان بزدار کو وزارت اعلی کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد دی۔
وزیراعلی پنجاب نے کہا کہ تبدیلی لوگوں کے بہتر مستقبل کے لئے آئی ہے، حقیقی تبدیلی کے لئے شب وروز محنت کرنا ہوگی، وزیراعظم عمران خان اوران کی ٹیم عوام کی توقعات پرپورا اترے گی، عمران خان کی قیادت میں نئے پاکستان کی منزل کے حصول کا سفر شروع ہوچکا ہے جب کہ قوم کی عمران خان سے وابستہ توقعات کو پوری کرنے کیلئے دن رات ایک کردیں گے۔
وزیراعلی پنجاب نے کہا کہ جنوبی پنجاب کے عوام کو ان کے حقوق ملیں گے، صوبہ بھرمیں جرائم کی بیخ کنی کیلئے ٹھوس اقدامات کئے جائیں گے، عوام کے جان ومال کے تحفظ کیلئے تمام تروسائل بروئے کارلائے جائیں گے، پولیس کو اب عوام کا خادم بننا ہوگا، پولیس کے رویے میں تبدیلی ہرقیمت پرلائیں گے، پولیس نظام میں وہی تبدیلی لائیں گے جو تحریک انصاف خیبر پختونخوا میں لائی ہے۔
دوسری جانب عمائدین نے کہا کہ سردارعثمان بزدارکا پنجاب کا وزیراعلی بننا حقیقی تبدیلی کا واضح ثبوت ہے اور یہ عثمان بزدار محروم اورپسماندہ علاقوں کی ترقی کے نقیب ہیں۔