امریکی وزیردفاع جیمز میٹس کا افغانستان کا غیراعلانیہ دورہ

امریکا کے وزیر دفاع جیمز میٹس غیر اعلانیہ دورے پر آج کابل پہنچ گئے ہیں جہاں وہ افغان صدر اشرف غنی سمیت اعلیٰ افغان حکام سے ملاقات کریں گے اور امریکی فوج کے دستوں سے اہم خطاب کریں گے۔
امریکی وزیر دفاع جیمز میٹس کے اچانک دورہ افغانستان میں امریکی بحریہ کے سربراہ جنرل جوزف ڈنفورڈ، چیئرمین جوائنٹ چیف آف اسٹاف بھی ہمراہ ہیں۔ تینوں اعلیٰ امریکی حکام نے کابل پہنچتے ہی افغانستان میں نیٹو کے نئے سربراہ جنرل اسکاٹ ملر سے ملاقات کی۔
امریکی وزیر دفاع کی نیٹو کے نئے سربراہ کے ساتھ ملاقات میں طالبان سے امن مذاکرات اور خطے کے امن کو لاحق خطرات پر تبادلہ خیال کیا۔ قیام امن اور استحکام کے لیے اہم تجاویز پر مشاورت بھی کی گئی۔
واضح رہے کہ امریکی وزیر دفاع جیمز میٹس کا افغانستان کا رواں ماہ یہ دوسرا دورہ ہے۔ یہ دورہ افغانستان میں جمہوری عمل کے تسلسل اور طالبان سے امن مذاکرات کے لیے اہمیت رکھتا ہے۔