سنگین غداری کیس کی سماعت روزانہ کی بنیاد پر کرنے کا فیصلہ

اسلام آباد کی خصوصی عدالت نے سابق صدر جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف کے خلاف سنگین غداری کیس کی سماعت 9اکتوبرسے روزانہ کی بنیاد پر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
خصوصی عدالت میں سابق صدر جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف کے خلاف سنگین غداری کیس کی سماعت جسٹس یاور علی اور جسٹس نذراکبر نے کی۔
جسٹس طاہرہ صفدر آج کی سماعت میں بھی موجود نہیں تھیں۔
خصوصی عدالت کے سربراہ جسٹس یاور علی نے اپنے ریمارکس میں کہا کہ آخری مرتبہ سنگین غداری کیس ملتوی کر رہے ہیں،سنگین غداری کیس کو ادھر یا اُدھر منطقی انجام تک پہنچانا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ 9اکتوبر سے سنگین غداری کیس کی روزانہ کی بنیاد پر سماعت ہوگی۔
خصوصی عدالت کے سربراہ نے حکومتی نمائندہ سے استفسار کیا کہ سنگین غداری کیس میں تمام شہادتیں ریکارڈ ہوچکی ہیں، حکومت ملزم کو عدالت میں پیش کرنے کے لیے کیا اقدامات کررہی ہے۔
اس موقع پر وزارت داخلہ کے نمائندے نے عدالت کو بتایا کہ انٹر پول کے ذریعے پرویز مشرف کی گرفتاری کی درخواست کی گئی تھی۔
جسٹس یاور علی نے ہدایت کی کہ وزارت داخلہ آئندہ سماعت پر تحریری طور پر بتائے ملزم کو پیش کرسکتے ہیں یا نہیں جس کے بعد عدالت نے کیس کی مزید سماعت 9 اکتوبر تک ملتوی کردی۔