سانحہ 12 مئی کی تحقیقات کیلئے جے آئی ٹی بنانے کا حکم

کراچی: سندھ ہائی کورٹ نے سانحہ بارہ مئی کی دوبارہ تحقیقات کیلئے جے آئی ٹی اور جوڈیشل ٹریبونل تشکیل دینے کا حکم دے دیا۔
سندھ ہائیکورٹ کے جسٹس اقبال کلہوڑو اور جسٹس کے کے آغا پر مشتمل 2 رکنی بینچ نے سانحہ 12 مئی 2017 سے متعلق درخواست پر فیصلہ سناتے ہوئے تحقیقات کے لیے جوڈیشل ٹریبونل بھی بنانے کا حکم دیا۔
عدالت نے فیصلے میں سندھ حکومت دو ہفتے میں عملدر آمد کر کے رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی جب کہ عدالت نے اے کلاس کے تحت ختم کیے گئے 65 مقدمات دوبارہ کھولنے کا بھی حکم دیا۔
دو رکنی بینچ نے چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ سے ان مقدمات کی مانیٹرنگ کے لیے جج بھی مقرر کرنے کی سفارش کی ہے۔
سندھ ہائیکورٹ نے سانحہ 12 مئی کے متاثرین کو معاوضے کی ادائیگی سے متعلق رپورٹ بھی پیش کرنے کا حکم دیا۔
واضح رہے کہ چیف جسٹس پاکستان میاں ثاقب نثار نے رواں سال 12 مئی کو سندھ ہائیکورٹ کو تین ماہ میں مقدمہ نمٹانے کا حکم دیا تھا۔