متنازع انٹرویو:عدالت نے نواز شریف کو طلب کرلیا

لاہور ہائی کورٹ نے سرل المیڈاکانام ای سی ایل میں شامل کرنے کا حکم دیتے ہوئے سابق وزرائےعظم نواز شریف اور شاہد خاقان عباسی کو 8 اکتوبر کو ذاتی حیثیت میں طلب کر لیا ہے۔
عدالت کی جانب سے یہ حکم نواز شریف، شاہد خاقان عباسی کے خلاف بغاوت کا مقدمہ درج کرنے کی درخواست پر سماعت کے دوران دیا
سابق وزرائے اعظم شاہد خاقان عباسی اور نواز شریف کیخلاف بغاوت کے مقدمے کی کارروائی کی درخواست پر سماعت لاہور ہائیکورٹ میں جسٹس مظاہرعلی اکبرنقوی کی سربراہی میں 3رکنی بنچ نے کی ۔
اس موقع پر سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی عدالت کے روبرو پیش ہوئے جب کہ نواز شریف پیش نہ ہوئے۔
وکیل نصیر بھٹہ ایڈووکیٹ نے نواز شریف کی عدم پیشی سے متعلق بتایا کہ ان کی اہلیہ کے انتقال کے بعد لوگ افسوس کے لیے آرہے ہیں اس لیے چالیسویں کے بعد کی تاریخ رکھنے کی استدعا ہے۔
اس موقع پر جسٹس مظاہر علی اکبر نقوی نے کہا کہ مقدمے کو 8 اکتوبر کو سن لیتے ہیں، نواز شریف آئندہ سماعت پر ذاتی حیثیت میں پیش ہوں۔
عدالت نے صحافی سرل المیڈا کے پیش نہ ہونے پر ان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے سماعت 8 اکتوبر کے لیے ملتوی کردی۔
یاد رہے کہ گزشتہ سماعت پر عدالت نے سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کے وارنٹ گرفتاری جاری کیے تھے جس کے بعد وہ آج عدالت کے روبرو پیش ہوئے۔