حکومت نے 150 نایاب شاہین متحدہ عرب امارات بھجوانے کی اجازت دیدی

پاکستان میں نایاب اور مہمان پرندوں کے شکار پر مکمل پابندی عائد ہے جب کہ خود وزیراعظم عمران خان نے خیبر پختونخوا میں شاہینوں کے شکار پر پابندی عائد کر رکھی ہے تاہم اس کے باوجود 150 شاہینوں کو متحدہ عرب امارات بھیجا جا رہا ہے۔
سفارتی ذرائع کے مطابق دفتر خارجہ نے 150 شاہین متحدہ عرب امارات بھیجنے کا باضابطہ طور پر اجازت نامہ جاری کر دیا ہے۔ یہ شاہین کراچی سے دبئی کے حکمران شیخ راشد المکتوم کے لیے متحدہ عرب امارات بھیجے جائیں گے۔
عرب ممالک کے شہزادوں کا پسندیدہ مشغلہ پاکستان میں پائے جانے والے نایاب پرندے تلور کا شکار بھی ہے جس پر حکومت نے پابندی عائد کر رکھی ہے تاہم عرب مہمانوں کو لائسنس جاری کردیئے جاتے ہیں۔
تحفظ جنگلی حیات اور این جی اوز کی جانب سے نایاب پرندوں کے شکار پر مکمل پابندی عائد کرنے کے دباؤ حکومت شکار پر پابندی کو سخت کرنے پر مجبور ہو گئی تھی اور 2015 میں بھی سپریم کورٹ نے بھی تلور کے شکار پر پابندی کا فیصلہ برقرار رکھا تھا۔