احتساب عدالت کا اسحاق ڈار کی جائیداد نیلام کرنے کا حکم

اسلام آباد کی احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے نیب کی درخواست پر فیصلہ سنا تے ہوئے پنجاب حکومت کو اسحاق ڈار کے بینک اکاؤنٹس اور جائیداد قبضے میں لینے اور نیلام کرنے کا حکم دے دیا۔
عدالت نے سابق وزیرخزانہ اسحاق ڈار کی جائیداد نیلام کرنے کی نیب کی درخواست منظور کر لی اور کہا کہ صوبائی حکومت کو اختیار ہے کہ جائیداد اور اثاثے فوری قبضے میں لے کر نیلام کرے۔
اس سے قبل احتساب عدالت نے آمدن سے زائد اثاثوں کے ریفرنس میں اشتہاری ملزم سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی بحق سرکار ضبط کی گئی جائیداد کی نیلامی کے لیے نیب کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کر لیا تھا جو آج سنادیا۔
گزشتہ روز احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے آمدن سے زائد اثاثے بنانے کے ریفرنس میں اشتہاری ملزم اسحاق ڈار کی قرق کی گئی جائیداد نیلام کرنے کی درخواست پر سماعت کی۔
نیب کے اسپیشل پراسیکیوٹر عمران شفیق نے مؤقف اختیار کیا تھا کہ عدالت کو ریفرنس میں مفرور اور اشتہاری قرار دیے جانے والے ملزم کی جائیداد نیلامی کا حکم دینے کا اختیار ہے۔
انہوں نے مزید کہا تھا کہ ملزم جائیداد ضبطگی کے بعد 6ماہ تک عدالت سے رجوع کر سکتا ہے، اس عرصے کے دوران اعتراض نہ آئے تو وہ جائیداد فروخت کی جا سکتی ہے لہٰذا عدالت احکامات جاری کرے۔
عدالت نے دلائل سننے کے بعد گزشتہ روز ہی فیصلہ محفوظ کر لیا تھا جو آج سنا دیا۔