ریاست اتنی کمزورنہیں جتنی نظرآتی ہے،وزیرخزانہ اسد عمر

اسلام آباد: وزیر خزانہ اسد عمر کا کہنا ہے کہ ٹیکس نادہندگان کو بتا دوں ریاست اتنی کمزور نہیں جتنی نظر آتی ہے اور ریاست میں دم ہے کہ آپ سے پیسہ نکلوا سکے۔
وفاقی وزیرخزانہ اسد عمر نے قومی اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حقیقت یہ ہے کہ آج بجلی ہو بھی تو خیبرپختونخوا اور بلوچستان تک نہیں پہنچائی جاسکتی ،کہا جاتا تھا کہ وہاں کے لوگ بجلی کا بل نہیں دیتے اس لیے لوڈشیڈنگ ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم سے آج بہت سنجیدگی سے کیا جاتا ہے کہ جوکام چالیس سال میں نہ ہوسکا وہ آپ نے چالیس دن میں کیوں نہیں کیا،زرداری صاحب کے دورمیں اسٹیل ملز کی حالت بہت خراب تھی لیکن چل پھر بھی رہی تھی،مسلم لیگ کی حکومت میں تین سال تک اسٹیل مل بند رہی۔انہوں نے معیشت کو چاروں شانے چت کردیا تھا ۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ تمام آئی پیز کہہ رہی ہےکہ اب ہم میں سکت نہیں اب مزید بجلی کی پیداوار نہیں دے سکتے،پی آئی اے کا جہاز اڑ نہیں سکا کیوں کہ ادارے پر قرض اتنا بڑھ چکا ہے۔ دودھ،شہدکی بہتی ہوئی نہروں کےسائےمیں گزشتہ سال گردشی قرضےمیں 400 ارب سے زائد اضافہ ہوا،آج مجموعی طور پر گردشی قرضہ 1200 ارب تک پہنچ چکاہے ۔انہوں نے کہا کہ 454 ارب روپے کا خسارہ صرف گیس کے شعبے میں ہے۔
اسد عمر نے کہا کہ بڑے نان فائلرز کے خلاف مہم کا کل سے آغاز ہوچکا ہے ،صاحب ثروت کو پیغام دیتا ہوں کہ ابھی بھی وقت ہےنان فائلرز ٹیکس نیٹ میں آجائیں۔ ریاست اتنی کمزورنہیں جتنی نظر آتی ہے اور ریاست میں دم ہے کہ آپ سے پیسہ نکلوا سکے۔ قوم کا پیسا قوم پرخرچ ہوگا، آئیے اور اس کا حصہ بنیں، ٹیکس ریٹرن فائل کریں ، زمین اور گاڑی خریدنے کے اہل بن جائیں۔