ہزارہ صوبہ تحریک کے قائد بابا حیدر زمان انتقال کرگئے

ہزارہ صوبہ تحریک کے قائد بابا حیدر زمان طویل علالت کے بعد 83 سال کی عمر میں انتقال کرگئے، وہ راول پنڈی کے نجی اسپتال میں زیر علاج تھے۔
خیبرپختونخوا کے علاقے ہزارہ ڈویژن سے تعلق رکھنے والے بابا حیدر زمان طویل عرصے سے علیل تھے۔
ان کی نمازجنازہ کل بعد نماز ظہر ان کے آبائی گاؤں دیوال منال میں ادا کی جائےگی۔
بابا حیدر زمان نے ہزارہ صوبے کے لیے تحریک چلائی وہ اس تحریک کے قائد بھی تھے، انہوں نے صوبہ سرحد کا نام تبدیل کرکے خیبر پختونخوا رکھے جانے کے بعد صوبہ ہزارہ کے قیام کے لیے آواز اٹھائی۔
بابا حیدر زمان کا شمار پاکستان کے سینئر سیاستدانوں میں ہوتا تھا، انہوں نے پہلا الیکشن 1962 میں جبکہ آخری الیکشن 2013 میں لڑا۔ وہ 1977 میں جمہوریت کی بحالی کی تحریک ایم آر ڈی میں نمایاں رہے اور گرفتار بھی ہوئے۔
1985میں عام انتخابات میں کامیابی کےبعد صوبائی وزیر بنے جبکہ دو مرتبہ ضلع ایبٹ آباد کے چیئرمین اور ناظم بھی رہے۔