جلاؤ گھیراؤ کے واقعات سے متعلق ابتدائی رپورٹ وزیر اعظم کو پیش

اسلام آباد: ملک میں حالیہ دنوں میں ہونے والے احتجاج کےدوران جلاؤ گھیراؤ سے متعلق ابتدائی رپورٹ وزیراعظم کو پیش کردی گئی۔
تفصیلات کے مطابق گزشتہ دنوں ہونے والے احتجاج اور دھرنے کے دوران جلاؤ گھیراؤ کے واقعات سے متعلق ابتدائی رپورٹ وزیر اعظم عمران خان کو پیش کردی گئی۔
وزیر اعظم کو دھرنے میں شر پسندی کرنے والے عناصر کے خلاف کارروائی پر بریفنگ دی گئی۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ شرپسندی میں ملوث شناخت کیے گئے افراد کے خلاف مقدمات درج کیے گئے، گرفتاریوں کے لیے تمام وسائل بروئے کار لا رہے ہیں۔ وفاقی حکومت مسلسل صوبائی حکومتوں کے ساتھ رابطے میں ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا کہ شرپسند افراد کی گرفتاری کے لیے وزارت دفاع سے بھی مدد لی جا رہی ہے، وفاقی تحقیقاتی ایجنسی ایف آئی اے اور پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن (پی ٹی اے) کے حکام سوشل میڈیا پر تلاش کا کام کر رہی ہیں۔
رپورٹ کے مطابق سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر خادم رضوی کا اکاؤنٹ بھی معطل ہے۔ شر پسندوں کی شناخت کے لیے ویڈیوز اور تصاویر میڈیا کو جاری کی گئیں۔