فسادی سیاستدانوں کو خلا میں بھیجا تو حکومتی بینچز خالی ہوجائیں گی،خورشید شاہ

اسلام آباد: پیپلز پارٹی کے رہنما سید خورشید شاہ کا کہنا ہے کہ فسادی سیاستدانوں کو خلاء میں بھیجنے کا کہا گیا ہے اگر ایسا ہو تو حکومتی بینچز خالی ہوجائیں گی۔
قومی اسمبلی کے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے خورشید شاہ نے کہا کہ سپارکو سے کہا گیا ہے کہ سیاسی فسادیوں کو خلا میں لے جا کر چھوڑ دیا جائے، سنا ہے سپارکو نے 5 سال کا ڈیٹا مانگ لیا ہے، کیونکہ قومی اسمبلی میں 5 سال تک فساد کرنے والے اکثریت میں ہیں، میرا مطالبہ ہے کہ سپارکو صرف تین ماہ کا ڈیٹا مانگے۔
خورشید شاہ نے کہا کہ قومی اسمبلی اجلاس میں گزشتہ روز جو واقعہ ہوا وہ ناخوشگوار تھا، ایسا ہوا تو یہ ایوان خالی ہو جائے گا، ہم اسمبلی میں فساد نہیں پھیلانا چاہتے، قومی اسمبلی میں 5 سال تک فساد کرنے والے اکثریت میں ہیں اوریہ سیاست گالم گلوچ سے نہیں چلے گی۔ اسمبلی میں ایک گھنٹہ اپوزیشن انتظارکرتی رہی لیکن حکومت سے تعلق رکھنے والا بندہ نہیں آیا اور آج بھی اسپیکرنے اپنے چیمبرمیں بلایا تواپوزیشن ہی پہنچی۔
واضح رہے کہ گزشتہ روزوزیراطلاعات فواد چوہدری نے کہا تھا کہ فسادی سیاستدانوں کو خلاء میں بھیجنے سے فسادات بھی نہیں ہوں گے اور زمین بھی پاک ہوجائے گی۔