بلوچستان کے علیحدگی پسندوں نے اسلم اچھو کی ہلاکت کی تصدیق کر دی

بلوچستان کے علیحدگی پسندوں کی تنظیم بلوچ لبریشن آرمی نےاسلم بلوچ عرف اچھو کی پانچ دیگر افراد کے ہمراہ ہلاکت کی تصدیق کردی ہے۔
گزشتہ روز افغانستان کےشہر قندہار میں ایک خود کش حملے میں کم از کم سات افراد ہلاک ہو ئے تھے۔
ذرائع کے مطابق اس حملے کا ہدف بلوچ عسکریت پسند کمانڈر اسلم بلوچ عرف اچھو تھا، جو اس حملے کے نتیجے میں چھ دیگر ساتھیوںکےہمراہ ہلاک ہو گیا۔
بی بی سی اردو کی رپورٹ بلوچستان سے تعلق رکھنے والی کالعدم عسکریت پسند تنظیم بلوچ لبریشن آرمی نے اسلم بلوچ  عرف اچھو کی پانچ دیگر افراد کے ہمراہ ہلاکت کی تصدیق کی ہے۔
تنظیم کی جانب سے نامعلوم مقام سے جاری کیے جانے والے ایک بیان میں ترجمان جنید بلوچ کے مطابق مارے جانے والے دیگر پانچ دیگر افراد بھی ان کی تنظیم کے اہم رکن تھے۔ ہلاک ہونے والے دیگر کمانڈروں میں تاجو مری، روستم عرف روستو، رحیم مری اور ناصر بلوچ اور اُن کے دو اور ساتھی شامل ہیں۔
رپورٹ کے مطابق کمانڈر اسلم بلوچ عرف اچھو کچھ ہفتے قبل ہی قندھار آئے تھا۔
قندھار میں ہونے والے اس خودکش حملے کی ذمہ داری کسی تنظیم نے ابھی تک قبول نہیں کی ہے۔
واضح رہے کہ کمانڈر اسلم بلوچ عرف اچھو کراچی میں چین کے قونصل خانے پر ہونے والے حالیے حملے کے بھی ماسٹر مائنڈ تھا اور اس سے پہلے جون 2013 میں بلوچستان کے علاقے زیارت میں قائداعظم ریذیڈینسی پر بھی ہونے والے حملے میں بھی ملوث تھا۔