مشکوک، ڈبل سواری والے موٹر سائیکلوں سواروں کی تلاشی کا حکم

کراچی میں حالیہ ٹارگٹ کلنگ کی وارداتوں کے بعد آئی جی سندھ نے کراچی میں ڈبل سواری پر مشکوک موٹر سائیکلوں کو روک کر تلاشی لینے کی مہم کا آغاز کرنے کی ہدایت کر دی ہے۔ مہم کا آغاز یکم جنوری سے کیاجائے گا۔
آئی جی سندھ ڈاکٹر کلیم امام کی ہدایت پر ایڈیشنل آئی جی کی جانب سے تینوں اضلاع کے ڈی آئی جیز کو مکتوب ارسال کر دیئے گئے ہیں ۔ جن میں کہا گیا ہے کہ اسنیپ چیکنگ کے دوران ڈبل سواری پر ہیلمٹ سوار، ڈسٹ ماسک لگائے ، کیپ پہنے ڈبل سواروں کو خصوصی طور پر چیک کیا جائے۔
آئی جی سندھ کی جانب سے ہدایت کی گئی ہے کہ بغیر نمبر پلیٹ موٹر سائیکلوں اور پولیس سے مشابہ موٹر سائیکلوں کے خلاف بھر پور کارروائی کی جائے۔
تمام تھانے روزانہ کی بنیاد پر رپورٹ تیارکر کے اپنے اضلاع کے ڈی آئی جیز کو ارسال کریں گے،جس کے بعد مذکورہ ڈی آئی جی آفس اس رپورٹ کو آئی جی آفس ارسال کریں گے۔
واضح رہے کہ کراچی میں حالیہ ٹارگٹ کلنگ میں موٹر سائیکل سوار دہشتگردوں نے سن کیپ پہن کر وارداتیں کی ہیں جبکہ اسٹریٹ کرائمز کی وارداتوں میں بھی ملزمان ہیلمٹ اور سن کیپ کا استعما ل کر رہے ہیں۔