چیف جسٹس پاکستان میاں ثاقب نثار ( فائل فوٹو)
چیف جسٹس پاکستان میاں ثاقب نثار ( فائل فوٹو)

ہوسکتاہے اب مہمندڈیم کےسنگ بنیادکی تقریب میں شامل نہ ہوں،چیف جسٹس

اسلام آباد:سپریم کورٹ میں نئی گنج ڈیم کی تعمیر سے متعلق کیس میں چیف جسٹس ثاقب نثار نے فیصل واوڈا سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ آپ نے مہمندڈیم کے سنگ بنیادکی تاریخ تبدیل کردی،آپ نے بتائے بغیرتاریخ تبدیل کردی،بتانابھی مناسب نہیں سمجھا،ہوسکتاہے اب ڈیم کےسنگ بنیادکی تقریب میں شامل نہ ہوں۔
سپریم کورٹ میں نئی گاج ڈیم کی تعمیر سے متعلق کیس کی سماعت چیف جسٹس ثاقب نثار کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے کی۔ وفاقی وزیر برائے آبی وسائل فیصل واوڈا عدالت میں پیش ہوئے۔ دوران سماعت چیف جسٹس نے کہا کہ لگتا ہے وفاقی حکومت نئی گاج ڈیم بنانا ہی نہیں چاہتی۔
چیف جسٹس نے کہا کہ وزیرخزانہ آکر وضاحت دیں کہ ڈیم کی تعمیر کے لیے فنڈز جاری کیوں نہیں کیے، اٹارنی جنرل انہیں اگلی سماعت پر بلالیں وہ نہ آئے تو ہم نوٹس لے کر بلالیں گے۔ چیف جسٹس نے کہا کہ جمعہ کو ایکنگ کے اجلاس کی حتمی تاریخ سے بھی جمعہ کو آگاہ کیا جائے۔
کیس کی سماعت کے دوران چیف جسٹس نے فیصل واوڈا سے شکوہ کیا کہ آپ نے مہمندڈیم کے سنگ بنیاد کی تاریخ بدل دی۔ مجھے بتائے بغیر ایسا کیا گیا، مجھے بتانا بھی مناسب نہیں سمجھا،ہوسکتاہے اب ڈیم کےسنگ بنیادکی تقریب میں شامل نہ ہوں۔ اس پر فیصل واوڈا نے کہا کہ وہ حکومت کی طرف سے معافی مانگتے ہیں ،انہوں نے چیف جسٹس کو دوبارہ دعوت دی جس پر چیف جسٹس نے کہا کہ آپ کو پتہ نہیں کتنے اہم کیسز چل رہے ہیں۔
چیف جسٹس نے مزید کہا کہ اگر ہم معاملہ نہ اٹھاتے تو دو سے تین سال مزید لگ جاتے۔ حکومت نے اپنے طور پر ڈیم کی تعمیر کے لیے کچھ نہیں کیا ، عدالت نے ہی ڈیم کی تعمیر کیلئے اقدامات کیے۔ اب وزیراعظم کو جاکر بتادیں کہ اب وہ خود جاکر ڈیم کا افتتاح کریں۔
اس پر وفاقی وزیر نے چیف جسٹس سے کہا کہ آپ کو ضرور شرکت کرنا ہوگی۔ سپریم کورٹ نے کیس کی مزید سماعت جمعہ تک ملتوی کردی ہے۔