اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس جاری ہے جس میں 26 نکاتی ایجنڈے پرغورکیا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت وزیراعظم آفس میں وفاقی کابینہ کا اجلاس شروع ہوگیا۔
وزیراعظم کی صدارت میں ہونے والے اجلاس میں فوجی عدالتوں میں توسیع سمیت 26 نکاتی ایجنڈے پرغورہوگا۔
اجلاس میں بلاول بھٹو زرداری ، مرادعلی شاہ کے نام ای سی ایل سے نکالنے کی حتمی منظوری دی جائے گی۔ کابینہ اجلاس میں اہم عہدوں پر تقرریوں کی منظوری بھی دی جائے گی۔
یاد رہے کہ دو روز قبل وزیراعظم کی زیرصدارت کابینہ کمیٹی برائے توانائی کا اہم اجلاس ہوا تھا جس میں گیس بحران کی انکوائری رپورٹ پیش کی گئی تھی۔
وزیراعظم عمران خان نے سوئی سدرن اور سوئی ناردرن کے منیجنگ ڈائریکٹر کو برطرف کرنے کی ہدایت کی تھی۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے متعلقہ حکام کو ایک ہفتے میں ملک بھر میں میں گیس کی کمی پورا کرنے کی ہدایت کی تھی، اس کے علاوہ وزیراعظم نے بجلی کی چوری کے خلاف کریک ڈاؤن تیز کرنے کے لیے احکامات جاری کیے تھے۔