سپریم کورٹ آف پاکستان (فائل فوٹو)
سپریم کورٹ آف پاکستان (فائل فوٹو)

نئی گاج ڈیم تعمیر کیس، وزیرخزانہ اور وزیر توانائی عدالت طلب

اسلام آباد: سپریم کورٹ نے نئی گاج ڈیم کی تعمیر کیس کی سماعت کے دوران حکم دیا کہ وزیر توانائی، وزیر خزانہ اور سیکرٹری کابینہ کو 15 جنوری کو طلب کرلیا۔
سپریم کورٹ آف پاکستان کے دو رکنی بینچ نے جمعے کے روز نئی گاج ڈیم کی تعمیر سے متعلق کیس کی سماعت کی جس میں ایڈیشنل اٹارنی جنرل ساجد الیاس بھٹی سمیت دیگر فریقین پیش ہوئے۔
ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے عدالت کا بتایا کہ سی ڈی ڈبلیو پی کی میٹنگ میں ڈیم کی تعمیر کرنے کی سفارش ایکنک کو کردی گئی ہے۔ بینچ کے سربراہ نے ریمارکس دیے کہ اس طرح تو یہ معاملہ ایکنک میں جاکر پھنس جائے گا۔
عدالت نے حکم دیا کہ آئندہ پیر تک سی ڈی ڈبلیو پی کے اجلاس کے منٹس عدالت میں پیش کیے جائیں۔
چیف جسٹس ثاقب نثار نے سماعت کے دوران ریمارکس دیے خواہش تھی کہ میرے ہوتے ہوئے معاملہ حل ہو جاتا مگر بعض خواہشیں خواہشیں رہ جاتی ہیں۔
بینچ کے رکن جسٹس اعجازالاحسن نے ریمارکس دیے کہ آپ کا ابھی ایک ہفتہ باقی ہے۔
عدالت نے وزیر توانائی اور وزیرخزانہ کو طلب کرتے ہوئے معاملے کی سماعت منگل 15 جنوری 2019 تک ملتوی کردی۔