شوہر کے دوست کی بلیک میلنگ پر خاتون نے خودکشی کرلی

نئی دہلی میں خاتون نے شوہر کے دوست کی جانب سے دوستی اور ناجائز تعلقات کیلئے بلیک میلنگ کرنے پر خودکشی کرلی، 28 سالہ خاتون نے مرنے سے پہلے خودکشی کرنے کی وجوہات سے متعلق ایک خط لکھاتھاجس میں اس نے کہا تھا کہ اس کے شوہر کادوست گذشتہ دو سال سے بلیک کرکے ناجائز تعلقات کیلئے دبائوڈال رہا تھا، خط میں نامزد کئے گئے ملزم کو پولیس نے گرفتارکرلیاہے۔

شاہدرہ کے ڈپٹی کمشنر پولیس میگھایادیونے خاتون کی خودکشی کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ خاتون کی خودکشی کامقدمہ انڈین پینل کوڈ کے سیکشن 360کے تحت درج کیاگیا ہےاور خودکشی کرنےوالی خاتون کےشوہر کے نامزددوست کو گرفتاربھی کرلیاہے جو مٹھائی کی دکان چلاتا ہے۔

مقدمہ کے تفتیشی افسرنے بتایا کہ خودکشی کرنے والی خاتون نے خودکشی سے پہلے انگلش میں اپنی خودکشی کی وجوہات کے بارے میں خط لکھا تھاکہ وہ اپنے شوہر کے دوست کی جانب سے ناجائز تعلقات کے مطالبے کی وجہ سے بہت زیادہ پریشان ہے کیونکہ اس نے دھمکی دی ہےکہ وہ اس کی غیراخلاقی تصویریں اس کے شوہر کوبھیج دےگایا اس کی خواہش پوری نہیں کی گئی تو وہ تصاویر سوشل میڈیا پربھی اپ لوڈ کردے گا۔

پولیس کمشنر یادیوکاکہنا تھا کہ یہ واقعہ اس وقت ان کے علم میں آیا جب خودکشی کرنے والی لڑکی کاکال سینٹرمیں کام کرنے والا شوہر اپنے گھر پہنچااوراس نے اپنی بیوی کی لاش دیکھی تو اس نے پولیس کو اطلاع دی۔

پولیس نے خودکشی کرنےوالی خاتون کے شوہر سے پوچھ گچھ کی تو ا س نے بتایا کہ اس کی بیوی چند دن سے بہت پریشان تھی اور اس نے خاندان والوں سمیت سب سے بات کرناچھوڑ دی تھی جبکہ میرے بار بارپوچھنے کے باوجود اس نے اپنی کسی پریشانی کے بارے میں مجھے کچھ نہیں بتایا۔شوہر نے خاتون کے خط کی تصدیق کی ہے کہ رائٹنگ اس کی بیوی کی ہے۔

پولیس کے مطابق دونوں کی شادی سات سال قبل ہوئی تھی ، پولیس نے گھر سامان اور خاتون کاموبائل فونز فرانزک ٹیسٹ کیلئے تحویل میں لے لئے ہیں۔