اسلام آباد میں ہونے والی خواتین سائیکل ریلی کی فائل فوٹو
اسلام آباد میں ہونے والی خواتین سائیکل ریلی کی فائل فوٹو

مذہبی جماعتوں کے احتجاج پرخواتین سائیکل ریلی منسوخ

پشاورمیں ہفتہ 19جنوری کومنعقد ہونے والی پہلی خواتین سائیکل ریلی مذہبی جماعتوں کے احتجاج پرمنسوخ کردی گئی ہے۔

اس امن ریلی کا اہتمام خواتین کے حقوق کے لیے لیے کام کرنے غیر سرکاری تنظیم’’زما جواندون‘‘نے کیا تھا۔ ریلی کا انعقاد پشاور کے علاقے حیات آباد میں  ہونا تھا۔

ریلی کی آرگنائزر وفا وزیر کا کہنا تھا کہ ریلی میں35خواتین حصہ لینے کے تیار تھیں،خواجہ سرائوں کوبھی ریلی میں شرکت کی دعوت دی گئی تھی۔

جمیعت علمائے اسلام ،جماعت اسلامی اور دیگر جماعتوں نے جمعہ کے روزاعلان کیا تھا کہ اگر ریلی منسوخ نہیں کی گئی تو وہ  حیات آباد میں ہونے والی خواتین ریلی کے خلاف کل احتجاج کریں گے۔

اس حوالے سے جے یو آئی کے رہنما مولانا رفیع اللہ قاسمی کا کہنا تھا کہ خواتین کی ریلی کامقصد بے حیائی اور فحاشی پھیلانا تھا۔

ریلی کی آرگنائزر وفا وزیر کا کہنا تھا کہ انہوں نے ریلی نکالنے سے قبل ضلعی انتظامیہ سے رابطہ کیا تھا اورریلی نکالنے کیلیے این او سی لیا تھا تاہم انہوں نے کہا کہ وہ کوئی افراتفری اورنقصان نہیں چاہتیں اس لیے ریلی کو منسوخ کردیا گیا ہے۔