وزیراطلاعات پنجاب فیاض چوہان (فائل فوٹو)
وزیراطلاعات پنجاب فیاض چوہان (فائل فوٹو)

فیاض چوہان کاچوہدری برادران کے ساتھ معاملات حل ہونے کا دعویٰ

وزیراطلاعات پنجاب فیاض چوہان نے دعویٰ کیا ہےکہ چوہدری برادران کے ساتھ معاملات حل ہوگئے ہیں۔

یاد رہےکہ تحریک انصاف کی اتحادی جماعت مسلم لیگ (ق) کے رہنما اور پنجاب کے وزیر معدنیات عمار یاسر نے اپنے کام میں مداخلت کا شکوہ کرکے وزارت سے استعفیٰ دیا تھا جب کہ چوہدری برادران کی جانب سے بھی حکومتی رویے اور معاہدے پر تحفظات کی اطلاعات تھیں۔

لاہور میں نجی اسکول کے سپورٹس گالا کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے کہا پنجاب اوروفاقی حکومت اپنی مدت پوری کرےگی، چوہدری برادارن سےزیادہ زیرک سیاستدان اورکوئی نہیں ، عمار یاسر صاحب اگر وزیراعلیٰ پنجاب سے بات کرلیتے تو معاملہ حل ہوجاتا۔

فیاض الحسن چوہان کا کہنا تھا کہ نام نہادخادم اعلیٰ نےپنجاب میں کوئی قانون منظورنہیں ہونےدیا، پی ٹی آئی اس سیٹ اپ کاپہلا،چوہدری برادران دوسرا پلر ہیں، ہمارےمعاملات بہت واضح ہیں،عماریاسرصاحب بھی یہی ہیں، چوہدری برادران جانتےہیں کون دوست ہیں اورکون دشمن۔

وزیر اطلاعات پنجاب نے کہا وزیراعلیٰ اورچوہدری پرویزالٰہی کی ملاقات میں معاملات حل ہوگئے ہیں، چوہدری برادران کےہوتےن لیگ کی کوئی کوشش کامیاب نہیں ہوگی اور مخالفین کی کوئی خواہش پوری نہیں ہونےدیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان شائستہ اندازسےملاقات کرتےہیں، چوہدری شجاعت اور پرویز الہی کو طویل عرصے سے جانتا ہوں، عمار یاسر کی وزیر اعلیٰ پنجاب سے کوئی مخالفت نہیں، عمار یاسر کا مسلہ بیوروکریسی کے ساتھ ہے۔

فیاض الحسن چوہان نے کہا صوبائی اور وفاقی حکومت پورے 5سال مکمل کرے گی،شریکوں کی کوئی خواہش پوری نہیں ہوسکتی، پی ٹی آئی اور ق لیگ اکٹھے ہیں، الگ نہیں ہوں گے۔

دوسری جانب وزیر اعظم ہائوس کی جانب سے چوہدری برادران سے رابطہ کیا گیا ہے، 24 گھنٹوں میں وزیر اعظم عمران خان کی چوہدری برادران سے ملاقات متوقع ہے۔

وزیر اعظم ہائوس کے مطابق، چودھری برادران کے تمام تحفظات دور کئے جائیں گے، اتحادیوں سے اختلاف ہیں نہ کوئی دوری ہے۔