نیب کے خلاف پروپیگنڈا ہوتا رہا ہے، کچھ لوگوں نے چائے کی پیالی میں طوفان لانے کی کوشش کی، جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال
نیب کے خلاف پروپیگنڈا ہوتا رہا ہے، کچھ لوگوں نے چائے کی پیالی میں طوفان لانے کی کوشش کی، جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال

نیب نے جعلی اکاؤنٹس کی تحقیقات کا آغاز کردیا

چیئرمین قومی احتساب بیورو (نیب) جسٹس (ر) جاوید اقبال نےہدایت کی ہے کہ نیب تفتیشی افسران بدعنوان عناصر کے خلاف قانون کے مطابق ٹھوس شواہد کی بنیاد پر تحقیقات کو منطقی انجام تک پہنچائیں۔
ان کا کہنا تھا کہ نیب نے ملکی تاریخ کے سب سے بڑے جعلی اکاؤنٹس کیس کی تحقیقات کا قانون کے مطابق آغاز کر دیا ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ نیب کا تعلق کسی سیاسی پارٹی سے نہیں بلکہ اس کی وابستگی صرف اور صرف ریاست پاکستان سے ہے۔
نیب لاہور کے دفتر کے دورے کے موقع پر تفتیشی افسران اور پراسیکیوٹرز سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ نیب کا مقصد بدعنوان عناصر سے لوٹی ہوئی قومی دولت کی برآمدگی، اسے قومی خزانے میں جمع کروانا اور بدعنوان عناصر کو انصاف کے کٹہرے میں کھڑا کرنا ہے۔

چیئرمین نیب نے واضح کیا کہ نیب ہر شخص کی عزت نفس کا خیال رکھنے پر یقین رکھتا ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ نیب حوالات میں ملزمان کو جیل مینئول سے زائد سہولیات فراہم کی جارہی ہیں۔

جسٹس (ر) جاوید اقبال کا کہنا تھا کہ نیب کے ہر ریجن میں علیحدہ طور پر شکایت سیل قائم کر دیے گئے ہیں جہاں پر شکایت کنندگان کی شکایات دو سے تین بجے کے دوران روزانہ کی بنیاد پر متعلقہ ڈائریکٹر اور ان کا اسٹاف سنے گا۔