چینی قونصلیٹ حملہ کیس میں گرفتار ملزمان کو جیل بھیجنے کا حکم

انسداد دہشتگردی عدالت نے چینی قونصلیٹ حملہ کیس میں گرفتار ملزموں کوجیل بھیجنے کا حکم دیدیا۔

انسداد دہشتگردی عدالت میں چینی قونصلیٹ حملہ کیس کی سماعت ہوئی۔

دورانِ سماعت پولیس نے 3 ملزمان احمد حسنین، نادر خان اور علی احمدکو عدالت میں پیش کیا۔

عدالت نے ملزمان احمد حسنین، نادر خان اور علی احمد کے مزید جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد کرتے ہوئے انہیں عدالتی ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔

کراچی کی انسداد دہشت گردی کی عدالت نے تفتیشی افسر سے کیس کا چالان بھی طلب کر لیا۔

پولیس کے مطابق 2 ملزمان نے پہلے ہی چینی قونصلیٹ پر حملے کے کیس میں سہولت کاری کا اعتراف کر لیا ہے۔

یاد رہے کہ گزشتہ سال نومبر میں کراچی کے علاقے کلفٹن میں واقع چینی قونصل پر حملے میں 2 پولیس اہلکار شہید اور ایک زخمی ہوگیا تھا جبکہ جوابی کارروائی میں 3 دہشت گرد مارے گئے تھے۔