وزیراعظم کی کارکردگی پر گیلپ گیلانی سروے
وزیراعظم کی کارکردگی پر گیلپ گیلانی سروے

وزیراعظم عمران کی کارکردگی کو کتنے لوگوں نے خراب کہا؟

گیلپ پاکستان کے ایک سروے میں 51 فیصد پاکستانیوں نے بطور وزیراعظم عمران خان کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔

تاہم اس کا مطلب یہ نہیں کہ باقی تمام 49 فیصد نے وزیراعظم کی کارکردگی کو برا کہا ہے۔

سروے کے لیے گیلپ نے جن 1141 افراد سے رابطہ کیا انہیں جواب دینے کیلئے پانچ آپشن دیئے گئے تھے۔ وزیراعظم کی کارکردگی پر وہ 1) بہت اچھی، 2) اچھی، 3) بری، 4) بہت بری، یا پھر 5) معلوم نہیں؍جواب نہیں دینا چاہتے میں سے کوئی ایک جواب منتخب کر سکتے تھے۔

گیلپ کے مطابق سروے میں 13 فیصد لوگوں نے وزیراعظم کی کارکردگی بہت اچھی اور 28 فیصد نے اچھی قرار دی۔

جن لوگوں کی رائے منفی تھی ان میں سے 26 فیصد نے وزیراعظم کی کارکردگی بری اور 20فیصد نے بہت بری قرار دی۔ یعنی 46 فیصد نے وزیراعظم کی کارکردگی خراب قرار دی۔

باقی 3 فیصد لوگوں نے معلوم نہیں یا جواب نہ دینے کے آپشن کا انتخاب کیا۔

سروے سے یہ بھی ظاہر ہوتا ہے کہ شہروں میں رہنے والے 59 فیصد لوگ وزیراعظم کی کارکردگی سے مطمئن ہیں جبکہ 39 فیصد مطئمن نہیں۔

اس کے برعکس دیہی علاقوں میں 49 فیصد لوگوں نے عمران خان کی کارکردگی کو خراب کہا اور 37 فیصد نے اطمینان کا اظہار کیا۔

سروے سے یہ بھی معلوم ہوتا ہے کہ 30 برس سے کم عمر لوگوں میں سے 55 فیصد وزیراعظم کے کام سے مطئمن ہیں۔ جبکہ 50 برس سے زائد عمر کے 51 فیصد لوگ وزیراعظم کے کام سے مطمئن نہیں۔

گیلپ گیلانی ریسرچ فائونڈیشن کے مطابق سروے چاروں صوبوں میں کیا گیا۔ جس میں رائے دہندگان شہری اور دیہی دونوں طرح کی آبادی سے تعلق رکھتے تھے۔