فائل فوٹو
فائل فوٹو

عراق میں بیک وقت 7 بچوں کی پیدائش سے سب حیران

دنیا کے مختلف حصوں سے بیک وقت ایک سے زائد بچوں کی پیدائش کی خبریں معمول ہیں مگر عراق میں ایک خاتون کے ہاں بیک وقت 7 بچوں کی پیدائش نے سب کو حیران کر دیا۔

بغیر آپریشن فطری طریقے سے پیدا ہونے والے نومولود بچوں میں 6لڑکے اور ایک لڑکی ہے جبکہ زچہ و بچہ مکمل صحت مند ہیں ۔
عرب میڈیا کے مطابق عراق کے صوبہ دیالی کے البتول ہسپتال میں لائی گئی ایک خاتون نے سات بچوں کو بیک وقت جنم دیا، عراقی سرزمین پر یہ اپنی نوعیت کا پہلا واقعہ ہے۔

7 بچوں کی ماں ضلع دیالی کی رہائشی ہے ، ماں اور بچے سب تندرست اور صحت مند ہیں۔شعبہ صحت دیالی کی طرف سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ البتول ہسپتال میں ایک خاتون کے ہاں پیدا ہونے والے7 بچوں میں چھے لڑکے اورایک لڑکی ہے۔

بچوں کی پیدائش آپریشن کی بجائے فطری طریقے پرعمل میں آئی۔ دیالی کے محکمہ صحت کے ترجمان فارس الغزاوی کا کہنا ہے کہ ان کے ملک میں یہ اپنی نوعیت کا پہلا واقعہ ہے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل سعودی عرب میں ایک خاتون کے ہاں بیک وقت چھ بچوں کی پیدائش کا واقعہ شہہ سرخیوں کا موضوع بنا رہا ہے۔