علیم خان کے جسمانی ریمانڈ میں 5 مارچ تک توسیع

احتساب عدالت نے پی ٹی آئی رہنما علیم خان کے جسمانی ریمانڈ میں 5 مارچ تک توسیع کردی۔
آمدن سے زائد اثاثوں اورآف شور کمپنی رکھنے کے الزام میں گرفتار پاکستان تحریک انصاف کے رہنما علیم خان کو لاہور کی احتساب عدالت میں پیش کیا گیا۔

عدالت کے باہر پی ٹی آئی کے کارکنان کی بڑی تعداد بھی موجود تھی، اس دوران کارکنان اور پولیس کے درمیان دھکم پیل ہوئی اور پولیس نے کارکنان کو زبردستی عدالت کے دروازے سے ہٹایا۔

احتساب عدالت کے معزز جج نجم الحسن بخاری نے بند کمرے میں علیم خان کے خلاف کیس کی سماعت کی۔

عدالت میں نیب کی جانب سےعلیم خان سے ہونے والی تفتیش کی رپورٹ پیش کی گئی اور ملزم کے مزید جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی گئی۔

بعدازاں احتساب عدالت نے آمدن سے زائد اثاثہ جات اور آف شور کمپنی کیس میں گرفتار پی ٹی آئی کے سینئر رہنما علیم خان کے جسمانی ریمانڈ میں 5 مارچ تک توسیع کردی۔

واضح رہے 6 فروری کو نیب لاہور نے آمدن سے زائد اثاثہ جات اورآف شورکمپنیوں کیس میں پنجاب کے سینئر وزیرعبدالعلیم خان کو گرفتارکیا تھا۔