(ن) لیگ کا اسلام آباد ہائیکورٹ کافیصلہ چیلنج کرنے کا اعلان

مسلم لیگ (ن) نے طبی بنیاد پر نوازشریف کی ضمانت کی درخواست مسترد ہونے کے عدالتی فیصلے کے خلاف اپیل دائر کرنے کا اعلان کردیا۔

اسلام آباد ہائی کورٹ سے نواز شریف کی درخواست ضمانت مسترد ہونے کے بعد مریم اورنگزیب، خواجہ آصف اور دیگر رہنماؤں کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ میڈیکل بورڈ نے نواز شریف کی بیماری کی تشخیص کرتے ہوئے فوری علاج کی سفارش کی تھی، اس لیے ہمیں پوری امید تھی کہ نواز شریف کی ضمانت ہوجائے گی لیکن ایسا نہ ہوا، فیصلے سے شدید مایوسی ہوئی لیکن مسلم لیگ (ن) نے ہمیشہ عدالتوں کا احترام کیا ہے، اس فیصلے کا بھی احترام کرتے ہیں۔

رہنما ن لیگ نے کہا کہ اس فیصلے کے خلاف اپیل کریں گے اور تمام قانونی راستے اختیار کریں گے، نواز شریف کے لیے ضروری علاج جیل میں میسر نہیں، اس کے لیے جیل سے باہر آنا ضروری ہے، وہ علاج پاکستان میں بھی ہوسکتا ہے اور بیرون ملک بھی ممکن ہے۔

واضح رہے کہ اسلام آباد ہائی کورٹ نے العزیزیہ ریفرنس میں سابق وزیراعظم نوازشریف کی طبی بنیادوں پر سزا معطلی کی درخواست کو مسترد کردیا ہے۔