بھارتی فضائیہ کی دراندازی کی کوشش، جوابی کارروائی میں بھاگ نکلے

بھارتی ایئر فورس کی جانب سے دراندازی کی کوشش کی گئی جس کے بعد پاک فضائیہ کی بروقت اور مؤثر کارروائی کے بعد بھارتی طیارے فرار ہوگئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر میجرجنرل آصف غفور کا کہنا ہے کہ بھارتی ایئرفورس نے لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی کی جبکہ جوابی کارروائی کے نتیجے میں بھارتی طیارے بھاگ نکلے۔

میجرجنرل آصف غفور کے مطابق بھارتی طیاروں نے مظفرآباد سیکٹر سے دراندازی کی کوشش کی اور بھارتی طیارے اپنا پےلوڈ بالاکوٹ کے قریب گرا کرفرار ہوگئے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ بھارتی دراندازی کے واقعے میں کوئی جانی یا مالی نقصان نہیں ہوا تاہم پاک فضائیہ کی بروقت اور موثر کارروائی کے بعد بھارتی طیارے فرار ہوگئے۔

میجرجنرل آصف غفور کے مطابق بھارتی طیارے مظفر آباد سیکٹر میں 3 سے 4 میل اندر آئے، بھارتی طیاروں نے جلد بازی میں اپنا پےلوڈ کھلےعلاقے میں گرایا۔

ترجمان پاک فوج نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر بھارتی طیاروں کی جانب سے گرائے گئے پےلوڈ کی تصاویر بھی جاری کردیں۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز سربراہ پاک فوج جنرل قمر جاوید باجوہ نے ایئر چیف مارشل مجاہد انور خان کے ہمراہ ایئر ہیڈ کوارٹرز کا دورہ کیا تھا جس کے دوران ملک کو درپیش خطرات اور بھارت کی جانب سے کسی بھی قسم کی جارحیت پر جوابی حکمت عملی پر تبادلہ خیال کیا گیا تھا۔