بھارتی دراندازی ، وزارت خارجہ میں ہنگامی اجلاس

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی زیر صدارت وزارت خارجہ کا ہنگامی اجلاس ہوا جس میں خطے کی صورت حال پرغور کیا گیا۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی زیرصدارت اجلاس میں سابق خارجہ سیکرٹریز اور سینیئر سفارت کاروں نے شرکت کی۔

اجلاس کے دوران بھارتی ایئرفورس کی دراندازی کے بعد پیدا ہونے والی موجودہ صورتحال اور خطے میں امن و امان کے حوالے سے طویل مشاورت کی گئی۔

اجلاس کے بعد میڈیا بریفنگ کے دوران شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ بھارتی دراندازی کو لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی سمجھتا ہوں اور پاکستان مناسب جواب کا حق رکھتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہندوستان خطے میں امن و امان تہہ و بالا کرنے پر تلا ہے، پوری قوم ملک کی جغرافیائی سرحدوں کی حفاظت کے لیے مسلح افواج کے ساتھ ہے اور پاکستان کا بچہ بچہ سیسہ پلائی ہوئی دیوار ہے۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان ذمہ دارانہ رویے کا مظاہرہ کرتے ہوئے آگے بڑھ رہا ہے۔

یاد رہے کہ بھارتی ایئر فورس کی جانب سے لائن آف کنٹرول سے پاکستانی حدود میں دراندازی کی کوشش کی گئی جس کے بعد پاک فضائیہ کی بروقت اور مؤثر کارروائی کے بعد بھارتی طیارے فرار ہوگئے۔

ترجمان پاک فوج میجر جنرل آصف غفور کے مطابق بھارتی طیاروں نے مظفر آباد سیکٹر سے دراندازی کی کوشش کی اور بھارتی طیارے اپنے نصب ہتھیار بالاکوٹ کے قریب گرا کر فرار ہوگئے۔