جارحیت یا مہم جوئی کی صورت میں بھرپور دفاع کیا جائے گا، کورکمانڈرز کانفرنس

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے جوانوں کو کسی بھی خطرے سے نمٹنے کیلئے تیار رہنے کا حکم دیا اور کہا کہ کوئی بھی خطرہ یا رکاوٹ ہمیں ترقی سے نہیں روک سکتے۔

نجی ٹی وی کے مطابق آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید کی زیرصدارت کور کمانڈرز کانفرنس ہوئی جس میں جیواسٹرٹیجک صورتحال، خطے میں پاک بھارت کشیدگی کے بعد کی صورتحال کاجائزہ لیا گیا اور کانفرنس میں مادروطن کے خلاف کسی بھی قسم کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔

کور کمانڈر کانفرس میں ایل اوسی پر بھارتی فورسزکی جانب سے شہریوں کو نشانہ بنانے پر اور مقبوضہ کشمیرمیں بڑھتی ہوئی بھارتی جارحیت پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا گیا کہ بھارتی فورسز کی جانب سے لائن آف کنٹرول پر مسلسل شہری آبادی کو نشانہ بنانے کاسلسلہ جاری ہے، خطے کے امن کے لیے شہری آبادی کو نشانہ بنانے سے روکنا ضروری ہے جب کہ بھارت کا ایل او سی پر شہری آبادی کو جان بوجھ کر نشانہ بنانا صرف آگ بھڑکارہا ہے۔

آرمی چیف نے کہا کہ پاکستان امن ، استحکام اور ترقی کی جانب بڑھ رہا ہے ، کسی بھی جارحیت یا مہم جوئی کی صورت میں مادر وطن کا بھر پور دفاع کیا جائے گا ۔ آرمی چیف نے پاک فوج کے بلند حوصلے اور کارکردگی کی تعریف کرتے ہوئے سراہا اور کہا کہ طاقت کا استعمال صرف ریاست کا استحقاق ہے ۔

ڈی جی آئی ایس پی آ رکا کہناتھا کہ کور کمانڈرکانفرنس کے دوران پاک فوج کی پیشہ وارانہ تیاریوں اور پاک بھارت کشیدگی کے باعث پیدا ہونے والی صورتحال کا جائزہ لیا گیا ۔