مولانا سمیع الحق کو گزشتہ سال2نومبر2018 کو گھر میں قتل کر دیا گیا تھا۔فائل فوٹو
مولانا سمیع الحق کو گزشتہ سال2نومبر2018 کو گھر میں قتل کر دیا گیا تھا۔فائل فوٹو

مولانا سمیع الحق قتل کیس میں گرفتار ملزم احمد شاہ بری

جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا سمیع الحق قتل کیس میں گرفتار ملزم احمد شاہ کو بری کر دیا گیا۔

سول جج زیب شہزاد چیمہ نے مولانا سمیع الحق قتل کیس کی سماعت کی تو ملزم احمد شاہ کو بکتر بند گاڑی میں چہرے پر سیاہ کپڑا ڈال کر عدالت پیش کیا گیا جب کہ مولانا سمیع الحق کے بیٹے حامد الحق بھی عدالت میں پیش ہوئے۔

دوران سماعت تفتیشی افسر نے اعتراف کیا کہ تفتیشی ٹیم کو 8 روزہ ریمانڈ میں گرفتار ملزم سے کوئی ثبوت نہیں ملے۔

ملزم احمد شاہ نے عدالت  میں بیان دیا کہ میں نے کچھ نہیں کیا، بے گناہ ہوں اورالزام غلط ہے جب کہ حامد الحق نے بھی عدالت کے روبرو بیان میں کہا کہ یہ ہمارا ملزم نہیں،بے گناہ کو گھسیٹا نہ جائے۔

وکیل صفائی نے کہا کہ ملزم افغانستان سے آئے، واردات کر کے فرارہوگئے تھے۔

عدالت نے فریقین کے بیانات سننے کے بعد مولانا سمیع الحق قتل کیس سے  ملزم احمد شاہ کو ڈسچارج کر کے کیس سے باعزت بری کردیا۔

واضح رہے مولانا سمیع الحق کو 2 نومبر 2018 کو راولپنڈی میں ان کی رہائش گاہ پر چھریوں کے وار کرکے بے دردی سےقتل کر دیا گیا تھا۔