پشاورزلمی کی جانب سے حسن علی اور جورڈن نے 3،3وکتیں حاصل کیں
 پشاورزلمی کی جانب سے حسن علی اور جورڈن نے 3،3وکتیں حاصل کیں

اسلام آباد یونائیٹڈ کا سفر تمام۔پشاور زلمی فائنل میں پہنچ گئی

پشاور زلمی نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو48 رنز سے شکست دے کر فائنل تک رسائی حاصل کر لی ۔

دفاعی چیمپئن اسلام آباد یونائیٹڈ کا پی ایس ایل فور میں سفرتمام ہوگیا اوراس فتح کے ساتھ ہی زلمی اب اتوار کوکوئٹہ گلیڈی ایٹرز سے ٹائٹل کی جنگ لڑے گی۔

کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں پشاور زلمی کے 215 رنز کے پہاڑ جیسے ہدف کے سامنے یونائیٹڈ کی بیٹنگ لائن لڑکھڑا گئی اور والٹن کے سوا کوئی بلے باز زیادہ مزاحمت نہ دکھا سکا۔

یونائیٹڈ کی ٹیم مقررہ اوورز میں 9 وکٹوں پر 166 رنز ہی بنا سکی، رونکی 17، ڈیلپورٹ 28، ہیلز 1، آصف علی صفر، حسین طلعت 19، فہیم اشرف 31، شاداب خان صفر اور محمد سمیع 2 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جب کہ رومان رئیس 2 اور محمد موسیٰ 8 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

پشاورزلمی کی جانب سے حسن علی اور جورڈن نے 3،3 ، ملز، وہاب ریاض اور پولارڈ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

 اس سے قبل اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان محمد سمیع نے ٹاس جیت کر پشاور زلمی کو پہلے بیٹنگ کرنے کی دعوت دی۔

پشاور زلمی کی جانب سے اننگز کا آغاز کامران اکمل اور امام الحق نے کیا اور دونوں نے دھواں دھاڑ بیٹنگ کرتے ہوئے ٹیم کو شاندار آغاز فراہم کیا۔

زلمی کی پہلی وکٹ 135 کے مجموعی اسکور پر گری جب امام الحق 58 رنز بنا کر کیمرون ڈیلپورٹ کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے، کامران اکمل بھی 74 رنز بنا کر ڈیلپورٹ کا شکار بنے۔

پشاور نے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 214 رنز بنائے۔ زلمی کی جانب  پولارڈ نے 37 اور ڈیرن سیمی نے بھی 30 رنز کی اننگز کھیلیں۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کے ڈیلپورٹ نے 2 اور شاداب خان نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

 نیوزی لینڈ میں دہشتگردی کے واقعہ کے خلاف اور متاثرین سے اظہار یکجہتی کے طور پر دونوں ٹیموں کے کھلاڑی سیاہ پٹیاں باندھ کر میچ کھیل رہے ہیں،میچ سے قبل ایک منٹ کی خاموشی بھی اختیار کی گئی۔