آصف زرداری اور فریال تالپور نے منی لانڈرنگ کیس کی منتقلی چیلنج کردی

سابق صدر آصف زرداری اور فریال ٹالپر نے نیب کی درخواست پر میگا منی لانڈرنگ کیس کی اسلام آباد منتقلی سے متعلق بینکنگ کورٹ کے فیصلے کوسندھ ہائیکورٹ میں چیلنج کردیا۔

نجی ٹی وی کے مطابق آصف زرداری بینکنگ کورٹ کے فیصلے کے خلاف درخواست دائر کرنے اپنے وکلاء کے ہمراہ سندھ ہائیکورٹ پہنچے، اس موقع پر عدالت کے اطراف سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے تھے۔

ہائی کورٹ میں دو درخواستیں دائر کی گئیں ایک میں انہوں نے بینکنگ کورٹ کے فیصلے کو چیلنج کیا کہ بینکنگ کورٹ کا مقدمہ منتقل کرنے کے احکامات غیرقانونی ہیں، عدالت سے استدعا ہے کہ مقدمہ منتقلی کا فیصلہ کالعدم قرار دیا جائے۔

دوسری درخواست میں آصف زرداری اور فریال تالپورنے سندھ ہائیکورٹ سے حفاظتی ضمانت طلب کی ہے ان کا کہنا ہے کہ 20 مارچ کو نیب نے طلب کیا ہے عدالت سے استدعا ہے کہ حفاظتی ضمانت دی جائے۔

واضح رہے کہ بینکنگ کورٹ نے گزشتہ روز مقدمہ کراچی سے اسلام آباد منتقل کرنے کی اجازت دی تھی۔