نوجوان ٹیچر کے دوران حراست جاں بحق ہونے پر اہل علاقہ نے احتجاج کیا۔فائل فوٹو
نوجوان ٹیچر کے دوران حراست جاں بحق ہونے پر اہل علاقہ نے احتجاج کیا۔فائل فوٹو

مقبوضہ کشمیر میں اسکول ٹیچر دوران حراست تشدد سے شہید

مقبوضہ کشمیر میں بھارتی تفتیشی ادارے کی حراست میں نوجوان اسکول ٹیچر رضوان اسد بہیمانہ تشدد کے باعث شہید ہوگیا۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق مقبوضہ کشمیر کے ضلع پلوامہ کے علاقے اوانتی پورہ کے رہائشی اسکول ٹیچر رضوان اسد کو بھارتی تفتیشی ادارے نیشنل انویسٹی گیٹنگ ایجنسی (NIA)  نے گزشتہ ماہ گھر سے حراست میں لیا تھا جو اسپیشل آپریشن گروپ کے اہلکاروں کا انسانیت سوز تشدد برداشت نہ کرسکا اور دوران حراست جان کی بازی ہار گیا۔

حجاز پبلک اسکول کے نوجوان ٹیچر رضوان کو وادی میں حریت پسند جماعتوں کی حمایت کرنے کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا اور جھوٹی وارداتوں کو قبول کرنے کے لیے ان پر دباؤ ڈالا جارہا تھا۔

رضوان اسد کو گزشتہ برس اگست میں بھی گرفتار کیا گیا تھا، تاہم عدم ثبوت کی بنا پر رہا کردیا گیا تھا۔

نوجوان ٹیچر کے دوران حراست جاں بحق ہونے پر اوانتی پورہ کے رہائشی احتجاج کے لیے باہر نکل آئے، ضلع پلوامہ کے دیگر علاقوں سے بھی لوگ اظہار یکجہتی کے لیے جمع ہوئے اور بھارتی جارحیت کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔

مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے قابض بھارتی فوج نے ہوائی فائرنگ کی اور آنسو گیس کے شیلز پھینکے۔

قابض بھارتی فوج کے مظاہرین پر پیلٹ گن کے بےدریغ استعمال کے باعث درجنوں مظاہرین زخمی ہوگئے جب کہ آنسو گیس کے شیلز قریب و جوار کے گھر پر بھی گرے جس سے بچے اور خواتین بھی متاثر ہوئیں۔ زخمیوں کو قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔