نیوزی لینڈ میں شہید ہونے والے 2 پاکستانیوں کی میتیں ورثا کے حوالے

نیوزی لینڈ میں ہونے والی دہشت گردی کے دوران شہید ہونے والے لاہور کے سید جہاں داد اور کراچی کے سید اریب احمد کی میتیں ورثا کے حوالے کردی گئی ہیں۔

نجی ٹی وی کے مطابق نیوزی لینڈ میں پاکستانی ہائی کمشنر عبدالمالک نے بتایا کہ سانحہ کرائسٹ چرچ میں شہید ہونے والے لاہورکے سید جہاں داد اور کراچی کے سید اریب احمد کی میتیں ورثا کے حوالے کر دی گئی ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ اسلام آباد کے ہارون محمود کی میت بھی آج ورثا کے حوالے کی جائے گی، سانحے میں شہید 9 پاکستانیوں میں سے صرف اریب کے ورثا میت پاکستان لے جانا چاہتے ہیں۔

دہشت گردی کے واقعہ میں حافظ آباد کے محمد امین زخمی ہوئے تھے جو تشویشناک حالت میں زیرعلاج ہیں

میڈیا کے مطابق مسجد نور میں فائرنگ سے شہید ہونے والے خالد اور ان کے بیٹے حمزہ کی نمازِ جنازہ ادا کردی گئی۔