رواں سال ستمبر سے لندن میں اپنی ڈیوٹی سنبھالیں گے۔فائل فوٹو
رواں سال ستمبر سے لندن میں اپنی ڈیوٹی سنبھالیں گے۔فائل فوٹو

آئی ٹی کے امتحان میں فیل نوجوان کو ڈھائی کروڑ کی ملازمت مل گئی

آئی ٹی کے امتحان میں فیل ہونے والے نوجوان کو گوگل کی جانب سے ڈھائی کروڑ روپے کی ملازمت پر رکھ لیا گیا ہے۔

21 سالہ نوجوان عبداللہ خان کا تعلق بھارت کے شہر ممبئی کے علاقے میرا روڈ سے ہے اور وہ رواں سال ستمبر سے لندن میں اپنی ڈیوٹی سنبھالیں گے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق عبداللہ خان نے انڈین انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی (آئی آئی ٹی) میں داخلے کا امتحان دیا تھا لیکن اس میں اسے کامیابی حاصل نہیں ہوسکی۔

عبداللہ نے اپنی پڑھائی جاری رکھی اور ساتھ ہی اپنا پروفائل ایک ایسی ویب سائٹ پر ڈال دیا جو پروگرامنگ سے متعلق مقابلوں کا انعقاد کراتی ہے۔

عبداللہ کی پروفائل گوگل کو پسند آئی گئی اور انہوں نے آن لائن انٹرویو کے بعد انہیں اپنے لندن آفس میں نوکری کیلیے منتخب کرلیا۔

نوجوان کا کہنا ہے کہ وہ شوقیہ طور پر پروگرامنگ کے مقابلوں میں حصہ لیتا تھا ، اسے اندازہ نہیں تھا کہ بڑی کمپنیاں اس طرح کی ویب سائٹس سے پروگرامرز کے پروفائل چیک کرتی ہیں۔

عبداللہ کو گوگل کی جانب سے ایک کروڑ 20 لاکھ بھارتی روپے (تقریباً ڈھائی کروڑ روپے پاکستانی) کی سالانہ تنخواہ کا پیکج آفر کیا گیا ہے۔

اس میں ساڑھے 54 لاکھ روپے اس کی بنیادی تنخواہ ہے ، عبداللہ کو 15 فیصد بونس ملے گا جبکہ 58 لاکھ 90 ہزار روپے کا 4 سال تک کیلیے اسٹاک آپشن شامل ہے ۔

21 سالہ نوجوان ابھی کمپیوٹر سائنس کی پڑھائی کر رہا ہے جس کے مکمل ہونے کے بعد وہ رواں سال ستمبر میں گوگل کو جوائننگ دے گا۔